پشاور (اے بی این نیوز )پشاور میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب کا عمل مکمل ہو گیا ہے، پولنگ کے اختتام کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل کر لی گئی۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 137 ارکان نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے 4 ارکان نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار خرم ذیشان بھاری اکثریت سے کامیاب قرار پائے۔ حکومتی امیدوار خرم ذیشان نے 91 ووٹ حاصل کیے جبکہ اپوزیشن کے امیدوار تاج آفریدی 45 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
کامیابی کے اعلان کے بعد خرم ذیشان خیبرپختونخوا اسمبلی ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، اس کے بعد اپنے لیڈر اور پوری پارٹی کے ممنون ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کیا۔
خرم ذیشان کا کہنا تھا کہ اقتدار یا کرسی کے بجائے خدمت ان کی ترجیح ہے، وہ ایوان میں جا کر حقیقی آزادی کی جنگ لڑیں گے اور عوام کے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں گے۔
مزید پڑھیں : ایس پی عدیل اکبر کی موت، رپورٹ کو حتمی شکل دے دی گئی، خود کشی کے شواہد نہیں ملے ، جا نئے ہوشربا انکشافات















