اہم خبریں

آزاد کشمیر میں حکومت کی ممکنہ تبدیلی کی تیز لہر ، وزیر اعظم نے اربوں کے فنڈ متعلقہ محکوں کو جاری کر نے کی منظوری دے دی

اسلام آباد (رضوان عباسی سے)آزاد کشمیر حکومت کے خلاف عدم اعتماد کے بادل منڈلا رہے ہیں، تاہم وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے بڑے اقدام نے ترقیاتی عمل کو نئی رفتار دے دی ہے۔ آزاد کشمیر میں اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کر دیے گئے اور متعلقہ محکموں کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔
وزیراعظم انوار الحق کی ہدایت اور کابینہ کی منظوری کے بعد 7 ارب 98 کروڑ روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے۔ وزیراعظم نے ترقیاتی عمل کو تیز کرتے ہوئے پہلی ششماہی میں فنڈز کے ریکارڈ اجرا کی منظوری بھی دے دی۔


واجب الادا منصوبوں کی ادائیگی کے لیے 3 ارب 72 کروڑ 12 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ حکومت پاکستان نے آزاد کشمیر کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 9 ارب 61 کروڑ روپے فراہم کیے، جبکہ آزاد حکومت کے فنانس ڈیپارٹمنٹ نے ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے 3 ارب روپے مختص کیے، جس کے بعد مجموعی دستیاب رقم 12 ارب 61 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
آزاد کشمیر کا کل ترقیاتی بجٹ 40 ارب 32 کروڑ روپے ہے۔ ترقیاتی شعبوں میں سب سے زیادہ رقم محکمہ کمیونی کیشن اینڈ ورکس کے لیے مختص کی گئی ہے، جس کے لیے 5 ارب 70 کروڑ روپے جاری کیے گئے اور مزید 2 ارب 46 کروڑ روپے جاری کرنے کی تجویز ہے۔
محکمہ تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 94 کروڑ روپے، محکمہ صحت کے لیے 32 کروڑ 20 لاکھ روپے، محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے لیے 50 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
اسی طرح محکمہ برقیات کو 29 کروڑ روپے سے زائد، محکمہ آبپاشی کو 2 کروڑ 50 لاکھ روپے اور محکمہ گورننس، قانون و انصاف کے منصوبوں کے لیے 9 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد جاری کیے گئے۔
حکومت آزاد کشمیر نے تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ فنڈز کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں۔ ترقیاتی بجٹ کا یہ بڑا اجرا وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی قیادت میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

مزید پڑھیں۔ضرورت پڑی تو طالبان رجیم کو شکست دے کر دنیا کیلیے مثال بنا سکتے ہیں، وزیرِ دفاع

متعلقہ خبریں