راولپنڈی ( اے بی این نیوز ) عمران خان نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو اپنی مکمل صوابدید کے ساتھ کابینہ تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔ عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان نے جیل ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ کابینہ مختصر اور مؤثر ہو تاکہ عملی کارکردگی میں تیزی آئے اور حکومت فوری ڈلیور کرے۔
ڈاکٹر عظمیٰ خان کے مطابق عمران خان نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے نوٹیفیکیشنز میں تاخیر پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اپوزیشن کا کردار مکمل اور مضبوط ہونا جمہوری نظام کی بنیاد ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر عظمیٰ خان نے بتایا کہ انہوں نے عمران خان کو خیبر پختونخوا کے جلسوں اور عوامی جوش و خروش کے بارے میں آگاہ کیا تو وہ بہت خوش ہوئے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین تھا کہ عوام ان کے ساتھ باہر نکلیں گے اور یہی عوامی اعتماد ان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
عظمیٰ خان نے واضح کیا کہ عمران خان نے کسی وزیر یا شخصیت کا نام تجویز نہیں کیا اور نہ ہی کسی خاص گروپ کو ترجیح دینے کی بات کی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو مکمل آزادی ہے کہ وہ اپنی پسند اور میرٹ کی بنیاد پر ایک مختصر مگر مضبوط کابینہ لائیں۔
مزید پڑھیں :کرکٹ بخار عروج پر،شائقین دلچسپ اور سنسنی مقابلے کے متقاضی















