اہم خبریں

ن لیگ آزادکشمیر حکومت کا حصہ نہیں بنے گی، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (رضوان عباسی) آزاد کشمیر میں ممکنہ حکومت سازی کے معاملے پر ایوانِ صدر میں بڑی سیاسی بیٹھک ہوئی، جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے مسلم لیگ ن کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت بھی شریک تھی۔ ذرائع کے مطابق ایوانِ صدر میں سیاسی مشاورت مکمل ہونے کے بعد اتحادی فارمولا طے پا گیا۔مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کو تحریکِ عدم اعتماد میں ووٹ کی صورت میں تعاون فراہم کرے گی، تاہم حکومت میں شامل نہیں ہوگی بلکہ اپوزیشن بینچز پر بیٹھے گی۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو آزاد کشمیر کی تازہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،

جس میں قمر زمان کائرہ نے موجودہ پارلیمانی صورتحال اور سیاسی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات باہمی تعاون اور سیاسی اتفاقِ رائے کے اعلان کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ملاقات کے بعد ایوانِ صدر کے باہر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی تحریکِ عدم اعتماد میں ن لیگ تعاون کرے گی، تاہم ہم حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔ صدرِ مملکت کو مکمل طور پر اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ “آزاد کشمیر کے سیاسی بحران کے حل کے لیے صدرِ پاکستان سے ملاقات میں اہم فیصلے ہوئے ہیں۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

ہمارا مقصد کشمیری عوام کو آسانیاں فراہم کرنا اور شفاف الیکشن کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔قمر زمان کائرہ نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لائے گی۔ موجودہ حکومت بحران کا سبب بن چکی ہے، حالات اس قدر خراب ہو گئے ہیں کہ وفاق کو مداخلت کرنا پڑی۔ مسلم لیگ (ن) کے فیصلے کو ہم نے تسلیم کیا ہے، اور وزیرِاعظم سے واپسی پر مشاورت کے بعد تحریک کے وقت کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ڈاکٹر احسن اقبال نے کہا کہ “اگر پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہوتی ہے تو وہ اپنی حکومت قائم کرے۔ ہمارا تعلق آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے، ہم ان کے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں،

اسی لیے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایوان صدر میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، انجینئر امیر مقام اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر شریک تھے، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، نیئر بخاری، چوہدری یاسین اور فیصل ممتاز راٹھور موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کل تک آزاد کشمیر کے لیے نئے وزیرِاعظم کے نام کا اعلان کریں گے۔

مزید پڑھیں :محکمہ فوڈ اور نان بائیوں کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا

متعلقہ خبریں