اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اے آئی کی تربیت کا باضابطہ عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اے آئی پالیسی کے تحت نوجوانوں کو ایسے ہنر سکھائے جا رہے ہیں جو مستقبل کی معیشت میں اہم کردار ادا کریں گے۔
شزا فاطمہ نے بتایا کہ حکومت نے ڈیجیٹل فارمز متعارف کرائے ہیں تاکہ نوجوان آسانی سے نئے پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل کر سکیں اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں قدم بڑھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرپرینیورشپ اور روزگار کے بہتر مواقع حاصل کرنے کے لیے جدید مہارتوں کا سیکھنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس دور میں صحیح اور غلط معلومات میں فرق کرنا بے حد ضروری ہے۔ نوجوانوں میں ڈیجیٹل لٹریسی بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ محفوظ ماحول میں علم اور ٹیکنالوجی کا استعمال کر سکیں۔
ان کے مطابق میٹا کے تعاون سے شروع کی جانے والی تربیتی مہم کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کے جدید طریقوں اور عالمی رجحانات سے آگاہ کیا جائے، تاکہ پاکستان ٹیکنالوجی کی دوڑ میں اپنا مقام مزید مضبوط بنا سکے۔
مزید پڑھیں :ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے سروس ڈیلیوری میں بہتری لانے کا فیصلہ















