اسلام آباد (اے بی این نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان اور کرم میں خوارج دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دشمن کے مذموم ارادوں کو ایک بار پھر خاک میں ملا دیا۔
صدرِ مملکت نے وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے پانچ شہداء کے لیے دلی عقیدت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان عظیم سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ فتنۂ خوارج اور ان کے بھارتی سرپرستوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستان دشمن قوتوں کو بار بار منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک عزم و استقامت کے ساتھ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر نے پاکستانی قوم کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں پر ہمیشہ فخر کرتی رہے گی۔ ان کے مطابق افواجِ پاکستان مادرِ وطن کے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح مضبوطی سے کھڑی ہیں اور ملک کا امن کسی قیمت پر دشمن کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : شمالی وزیرستان ، سیکیورٹی فورسزکی کارروائی،25دہشتگردجہنم واصل، 5بہادرسپوت شہید















