اسلام آباد (اے بی این نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور جذبۂ قربانی ہمیشہ قابلِ فخر رہا ہے۔ وزیراعظم نے 25 دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے والی کارروائی کو ملک کی سلامتی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
شہباز شریف نے اس دوران وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے 5 بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے شہداء کی بلندیِ درجات کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم اپنے ہیروز کو کبھی نہیں بھولے گی اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے جذبۂ قربانی کو سلام پیش کرتی ہے اور ہم ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی امن کی راہ میں کسی دشمن کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچے گی۔
مزید پڑھیں : شمالی وزیرستان ، سیکیورٹی فورسزکی کارروائی،25دہشتگردجہنم واصل، 5بہادرسپوت شہید















