اہم خبریں

بڑی تبدیلی؟زرداری خود میدان میں آگئے،جوڑ توڑ شروع،ایوان صدر میں بیٹھک، نمبرز گیم آن

اسلام آباد ( اے بی این نیوز      )اسلام آباد میں آزاد کشمیر حکومت کے مستقبل سے متعلق ایک بڑی اور اہم سیاسی بیٹھک شروع ہو گئی ہے جس پر ساری سیاسی نظریں جم چکی ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایوان صدر پہنچ گئے ہیں جہاں اعلیٰ قیادت کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ فریال تالپور، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ بھی اس اہم ملاقات میں شریک ہیں جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں کسی بڑی تبدیلی کا وقت قریب ہے۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے پارلیمانی اراکین کو بھی ایوان صدر مدعو کیا ہے جہاں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہو رہی ہے۔ پی پی ارکان صدر مملکت کو اپنی تجاویز پیش کریں گے اور آئندہ کی حکمت عملی پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ملاقات میں آزاد کشمیر اسمبلی میں نمبرز گیم، ممکنہ قیادت اور حکومت میں تبدیلی سے متعلق امور زیر بحث آ رہے ہیں۔

اسلام آباد کی اس سرگرم سیاسی فضا نے آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں دلچسپی بڑھا دی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی ہیش ٹیگز کے ساتھ بحث گرم ہے کہ کیا آزاد کشمیر کی حکومت چند دنوں کی مہمان رہ گئی ہے۔ بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کی قیادت کی سرگرمیاں واضح اشارہ دے رہی ہیں کہ آزاد کشمیر میں بڑی سیاسی ڈیل ہونے جا رہی ہے اور اگلا دھماکہ خیز فیصلہ کسی بھی وقت سامنے آسکتا ہے۔
قبل ازیں پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ مشاورت کے تمام مراحل مکمل ہو گئے ہیں اور جلد بڑی سیاسی پیش رفت سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ اسلام آباد میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور مستقبل کی حکمت عملی طے کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جہاں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اور مرکزی قیادت نے سر جوڑ کر نمبر گیم سمیت تمام سیاسی امکانات کا جائزہ لیا۔ رپورٹوں کے مطابق وزیراعظم چودھری انوار الحق کی تبدیلی کے لیے درکار حمایت حاصل کر لی گئی ہے اور پیپلز پارٹی جلد صدر آصف علی زرداری کو مشاورت کے بعد سامنے آنے والی تجاویز سے باقاعدہ طور پر آگاہ کرے گی۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی قیادت کے لیے مضبوط نام زیر غور ہیں جن میں چودھری یاسین، چودھری لطیف اکبر اور سردار یعقوب شامل ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد کشمیر میں بنتی صورتحال نہ صرف حکومت بلکہ تمام جماعتوں کے لیے تشویشناک بن چکی ہے اور بڑے فیصلے کسی بھی لمحے منظر عام پر آسکتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے بھی اعتراف کیا کہ موجودہ حالات باعث تشویش ہیں اور ہر جماعت سیاسی بے چینی محسوس کر رہی ہے۔ اس صورتحال نے آزاد کشمیر کی سیاست میں نیا ہلچل پیدا کر دی ہے اور عوام بھی آنے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں  :تحریک عدم اعتمادلانےکافیصلہ

متعلقہ خبریں