اہم خبریں

ایس پی عدیل اکبر کی پراسرار موت یا کچھ اور ،سنسنی خیز تحقیقات،نیا پنڈوڑا باکس کھلنے کا امکان،جا نئے حیران کن تفصیلات

اسلام آباد (اے بی این نیوز) اسلام آباد میں پولیس کے سینئر افسر ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی اچانک موت نے شہر میں ہلچل مچا دی ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی سرکاری ڈبل کیبن گاڑی میں پچھلی نشست پر موجود تھے۔ ان کے ساتھ ڈرائیور اور آپریٹر بھی موجود تھے جنہیں ابتدائی تحقیقات کے لئے حراست میں لیا گیا ہے۔

تحقیقات کی ابتدائی معلومات

پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی میں ہونے والی بات چیت اور فون کالز کا ریکارڈ حاصل کر کے تحقیقات جاری ہیں تاکہ موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عدیل اکبر اپنی پروموشن کے سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن جا رہے تھے اور اس سے قبل وہ دفتر خارجہ بھی گئے جہاں انہوں نے بیرون ملک داخلے کے کاغذات کی تصدیق کروانی تھی۔ ان کا اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک داخلہ منظور ہو چکا تھا جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ مستقبل کے لیے پرجوش تھے۔

پیش آنے والا لمحہ

تحقیقات کے مطابق واپسی پر عدیل اکبر کو ایک اور فون کال موصول ہوئی جس کے چند لمحوں بعد انہوں نے آپریٹر سے اس کی ایس ایم جی گن طلب کی۔ آپریٹر کا کہنا ہے کہ اس نے گن کا میگزین نکال کر انہیں تھما دی۔ بعد ازاں عدیل اکبر نے گن کے قابل استعمال ہونے سے متعلق سوال کیے اور پھر میگزین لوڈ کرایا۔ اسی دوران اچانک فائر ہوا اور گولی عدیل اکبر کے ماتھے پر لگی جو سر کے پچھلے حصے سے باہر نکل گئی۔ انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔

حادثہ یا۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پولیس ماہرین کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے حادثاتی فائرنگ کا قوی امکان ظاہر ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق گولی تقریباً 65 ڈگری زاویے سے چلی جبکہ پی ایس پی افسران عام طور پر ایس ایم جی کے استعمال میں ماہر نہیں ہوتے۔ دوسری جانب یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ اگر خودکشی کا ارادہ ہوتا تو وہ پروموشن اور بیرون ملک تعلیمی منصوبے کیوں تشکیل دے رہے تھے۔

حتمی نتیجے کا انتظار

واقعہ کی تہہ تک پہنچنے کے لئے کال ڈیٹا ریکارڈ، فرانزک رپورٹ اور گاڑی میں موجود دونوں اہلکاروں کے بیانات کو مزید باریک بینی سے پرکھا جا رہا ہے۔ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور سچ جلد سامنے لایا جائے گا۔

تین رکنی کمیٹی کی انکوائری جاری

ایس پی عدیل اکبر کی خود کشی کا معاملہ، معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی کی انکوائری جاری، ایس پی کے زیر استعمال آئی فون ابھی تک ان لاک نہیں ہو سکا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ایس پی عدیل اکبر گزشتہ دنوں دو مرتبہ ماہر نفسیات سے بھی رجوع کیا، ڈینگی پازیٹو ہونے کے بعد وقوعہ سے دو روز قبل کورونا وائرس کا بھی شکار ہوئے۔
وائرلس آپریٹر اور ڈرائیور سے الگ الگ پوچھ گچھ

ایس پی عدیل کے ہمراہ وائرلس آپریٹر اور ڈرائیور سے الگ الگ پوچھ گچھ جاری ہے، تین رکنی کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر ہارون جویا کر رہےہیں ۔ڈی آئی جی آپریشن جواد طارق اور ڈی آئی جی لاء اینڈ آرڈر عتیق طاہر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

کرائم ڈائری

ایس پی عدیل اکبر کی چھٹی کی درخواست بھی منظور نہ ہو سکی تھی، گزشتہ روز اسلام آباد پولیس کے ایس پی کی مبینہ خودکشی پر پولیس کا کارنامہ، اسلام آباد پولیس کی جانب سے مرتب کی گئی کرائم ڈائری میں واقعہ کا ذکر تک نہیں۔تھانہ آبپارہ اور تھانہ سیکرٹریٹ میں حالات مکمل طور پر پرامن رہے، پولیس کرائم ڈائری کے مطابق دونوں تھانوں کی حدود میں واردات کا کوئی تذکرہ نہیں۔

مزید پڑھیں  :ایس پی عدیل اکبر کی میڈیکل رپورٹ اور چھٹی کی درخواست منظر عام پر آگئی

متعلقہ خبریں