اسلام آباد(اے بی این نیوز) چیٹ جی پی ٹی کی رہنمائی پر زندگی میں بڑی تبدیلی، امریکی خاتون کا پرسکون قصبے کی جانب سفر کیا۔ بے پناہ دباؤ سے تنگ ایک امریکی خاتون نے ذہنی سکون کی تلاش میں دنیا بدل ڈالی۔ لاکھوں روپے ماہانہ کمانے کے باوجود وہ مسلسل اضطراب اور تھکاوٹ کا شکار رہتی تھیں۔ انہوں نے پہلے یو ایس کو الوداع کہہ کر فرانس میں نئے سفر کا آغاز کیا، مگر پیرس جیسے مصروف شہر میں بھی انہیں وہ سکون نہ ملا جس کی انہیں تلاش تھی۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق جولی نائس تعلق تو امریکی ریاست مشی گن سے رکھتی ہیں، مگر بچپن کا کچھ حصہ انہوں نے فرانس میں گزارا تھا۔
امریکا واپس آ کر جب وہ ٹیک انڈسٹری میں اچھی جاب کرنے لگیں تو دباؤ اتنا بڑھا کہ وہ خود کو صرف ایک خالی وجود سمجھنے لگیں۔ مستقل پریشانی اور ذہنی تھکاوٹ نے انہیں زندگی سے دور دھکیل دیا۔ یوں انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ امریکا چھوڑ کر دوبارہ فرانس میں رہائش اختیار کریں گی۔لیکن اس بار بھی قسمت نے انہیں پریشان ہی رکھا۔ پیرس کی چکا چوند اور تیز رفتار زندگی ان کے لیے بے چینی کا باعث بن گئی۔ وہ سمجھ نہ پائیں کہ اب کہاں جائیں؟ تب انہوں نے ٹیکنالوجی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا اور اپنی پوری کہانی چیٹ جی پی ٹی کو سنائی۔یادگار لمحہ تب آیا جب چیٹ جی پی ٹی نے ان کے مزاج، دلچسپیوں اور سکون کی تلاش کو سمجھتے ہوئے فرانس کے دو پرسکون قصبوں—سرلا-لا-کانیڈا اور اوزیس—کی تجویز دی۔ لیکن خاتون ایک بار پھر فیصلہ نہ کر سکیں۔
تو انہوں نے مزید رہنمائی مانگی۔ بالآخر چیٹ جی پی ٹی نے انہیں اوزیس جانے کا مشورہ دیا۔جولی نائس نے ہمت دکھائی، پیرس چھوڑا، ملازمت سے استعفیٰ دیا اور کار بھی فروخت کر ڈالی۔ صرف ضروری سامان لے کر وہ اپنی نئی زندگی کی طرف روانہ ہوگئیں۔ آج وہ اوزیس کے پرانے اور خوبصورت قصبے میں ایک بیڈ روم کے چھوٹے اپارٹمنٹ میں خوش و مطمئن زندگی گزار رہی ہیں۔ وہ کھلی فضا میں چہل قدمی کرتی ہیں، مقامی لوگوں سے ملتی ہیں اور خود کو پھر سے زندہ محسوس کر رہی ہیں۔جولی کہتی ہیں کہ اس فیصلے نے انہیں ذہنی دباؤ اور ڈپریشن سے نکال کر حقیقی خوشی کا احساس دیا۔ ان کی کہانی یہ پیغام دیتی ہے کہ کبھی کبھی سکون کی تلاش ہمیں حیران کن راستوں پر لے جاتی ہے، اور اگر ہم تبدیلی سے نہ ڈریں تو زندگی ہمیں نئی امیدوں سے نواز دیتی ہے۔
مزید پڑھیں :ایس پی عدیل اکبر کی موت، اہم حقائق سامنے آگئے















