اہم خبریں

پنجاب حکومت کا اہم فیصلہ

لاہور ( اے بی این نیوز )پنجاب حکومت نے صوبے میں لائسنس یافتہ اور غیرقانونی اسلحے کے حوالے سے بڑا اقدام اٹھایا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلحے کے لائسنس اور اس کے استعمال کی نگرانی مزید سخت کی جائے گی تاکہ صوبے میں جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ پنجاب کے عوام کو غیرقانونی اسلحہ جمع کرانے کے لیے پندرہ دن کی مہلت دی جائے گی۔ اس دوران اگر کوئی شخص رضا کارانہ طور پر اسلحہ جمع کروا دیتا ہے تو اس کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوگی۔ حکومت کا مقصد شہریوں میں حفاظتی شعور اجاگر کرنا اور غیرضروری اسلحے کے استعمال کو ختم کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق اب صرف پولیس اہلکار اور رجسٹرڈ سیکیورٹی گارڈ ہی سرِعام اسلحہ رکھ سکیں گے۔ اسی کے ساتھ صوبے بھر میں جدید ڈرون پولیسنگ کا نظام متعارف کرانے کی منظوری بھی دی گئی ہے جس سے جرائم پر مزید قابو پانے میں مدد ملے گی۔

ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں اسلحہ کلچر کے خاتمے کی مہم تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قتل کے واقعات میں پہلے ہی 49 فیصد اور گاڑیاں چھیننے جیسے واقعات میں 62 فیصد کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے، جبکہ امید ہے کہ غیرقانونی اسلحے کے مکمل خاتمے کے بعد جرائم کی شرح میں 75 فیصد تک کمی ممکن ہوگی۔
مزید پڑھیں :گھر ٹھنڈا، بجلی کا بل کم، ایئر کنڈیشنر چلانے کا درست طریقہ جا نئے

متعلقہ خبریں