اہم خبریں

پارلیمانی نظام میں تبدیلی ،حتمی فیصلہ نہ ہو سکا

اسلام آباد (رضوان عباسی )وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزیرِاعظم ہاؤس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آزاد کشمیر میں ممکنہ حکومت تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی، تاہم کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق حکومتِ پاکستان کی سطح پر آزاد کشمیر کے پارلیمانی نظام میں تبدیلی کی افواہیں اجلاس کے بعد دم توڑ گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی اور حکومتی ڈھانچے میں ممکنہ رد و بدل پر تجاویز سامنے آئیں،

مگر اتفاقِ رائے نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق فی الحال آزاد کشمیر حکومت میں تبدیلی یا مسلم لیگ (ن) کے اپوزیشن میں بیٹھنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ آئندہ ہفتے مزید اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں اعلیٰ سطحی قیادت پر مشتمل قائم کمیٹیوں سے مزید بریفنگ لی جائے گی ، جن میں سیاسی منظرنامے پر دوبارہ غور متوقع ہے۔اجلاس میں وفاقی وزراء، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور اہم حکومتی عہدیداران شریک ہوئے۔ شریک رہنماؤں میں وفاقی وزراء انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری، سردار یوسف، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ اور سابق صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان شامل تھے۔

مزید پڑھیں :سیاسی جماعت، پابندی کا نوٹیفکیشن جاری

متعلقہ خبریں