اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) اسلام آباد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے اے بی این نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کیعمران خان سے ملاقات ہر صورت ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے کابینہ سے متعلق اہم امور پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنی ہے، اور اس ملاقات میں پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل پر بھی بات چیت ہوگی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سیاسی تلخیاں کم ہوں اور دوریاں ختم کی جائیں تاکہ ملک میں سیاسی استحکام پیدا ہو۔ ان کے مطابق تمام مسائل کا حل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے، لڑائی جھگڑے یا محاذ آرائی سے ملک کو نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، اس لیے حکومت اور اداروں کو مل کر مؤثر حکمت عملی اپنانی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ہمیشہ ریاستی اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی قومی سلامتی کے معاملات میں اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ پارٹی کے عہدیداران کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے نہیں دی جا رہی، جو کہ تشویشناک ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے منتقلی سے متعلق خبروں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی اطلاعات محض افواہیں ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق کوئی ہدایات دیتے ہیں تو پارٹی اس پر مکمل عمل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک محب وطن جماعت ہے اور کسی بھی سیاسی پارٹی پر پابندی لگانے کے سخت خلاف ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا احتجاج پرامن اور آئینی دائرے میں ہونا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کو تبدیل کرنا ہر پارٹی کی صوابدید ہوتی ہے، تاہم اس عمل میں مشاورت اور سیاسی اتفاق رائے کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ غیر ضروری تنازعات سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں :ایس پی عدیل اکبر کی نمازہ جنازہ ادا،جسد خاکی آبائی گائوں روانہ















