دبئی ( اے بی این نیوز ) پاکستان کے فائٹر رضوان علی نے ایک بار پھر بین الاقوامی مقابلے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارت کو ناکوں چنے چبوا دیے۔ دبئی میں ہونے والی فائٹ کے دوران پاکستانی فائٹر نے بھارتی حریف رانا پرتاپ سنگھ کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناقابلِ یقین انداز میں ناک آؤٹ کر دیا۔
یہ فائٹ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی اور جیسے ہی رضوان علی نے فیصلہ کن وار کیا، پورا ارینا پاکستانی نعروں سے گونج اٹھا۔ بھارتی فائٹر مقابلے میں قدم جمانے سے پہلے ہی رضوان علی کے تابڑ توڑ حملوں کے سامنے بے بس نظر آیا۔
قومی فائٹر رضوان علی نے اس کامیابی کے ساتھ اپنا ناقابلِ شکست ریکارڈ برقرار رکھا اور مسلسل 11ویں فائٹ میں بھی فاتح بن کر ابھرے۔ دبئی فائٹ آرگنائزیشن نے شاندار کارکردگی پر انہیں 50 لاکھ روپے انعامی رقم سے نوازا۔
رضوان علی نے فائٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کامیابی پاکستان کے عوام اور تمام سپورٹرز کے نام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد پاکستان کا نام دنیا بھر میں فخر سے بلند کرنا ہے اور وہ آئندہ بھی عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے بھرپور محنت جاری رکھیں گے۔
سوشل میڈیا پر رضوان علی کی جیت کے بعد پاکستانی شائقین نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور انہیں “پاکستان کا فخر” قرار دیا۔
مزید پڑھیں :ایس پی عدیل اکبر موت،مزید گرفتاریاں،نمازہ جنازہ،تفتیش جاری،اہم انکشافات؟