اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ سیکٹر ڈی 12 میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک شہری کے گھر پر دن دیہاڑے اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ تقریباً دس منٹ تک جاری رہا، جس میں جدید خودکار اسلحہ استعمال کیا گیا۔ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے پورا علاقہ گونج اٹھا جبکہ شہری اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ واقعے کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے اور یہ فائرنگ ممکنہ طور پر زمین سے متعلق زیرِ سماعت مقدمات سے جڑی ہو سکتی ہے۔ شہری نے مطالبہ کیا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی شفاف تحقیقات کریں اور ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں جرائم کے بڑھتے واقعات پر فوری قابو پایا جائے تاکہ لوگوں کا اعتماد بحال ہو۔
مزید پڑھیں :بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر