اسلام آباد (رضوان عباسی )وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف آئندہ ہفتے تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق، اس اہم دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت، وفاقی وزراء اور دیگر حکام بھی شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، اقتصادی شراکت داری، توانائی، سرمایہ کاری اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ریاض میں ہونے والی عالمی سطح کی سرمایہ کاری کانفرنس “فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو (FII)” سے بھی خطاب کریں گے۔ اس عالمی کانفرنس میں دنیا بھر سے سرکردہ سرمایہ کار، صنعت کار، ماہرین اقتصادیات اور پالیسی ساز شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم کانفرنس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، اقتصادی اصلاحات اور حکومت کی پالیسیوں کو اجاگر کریں گے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے۔
امکان ہے کہ وزیراعظم کے اس دورے کے دوران اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (MoUs) پر بھی دستخط ہوں گے، جس سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ دورہ نہ صرف پاکستان سعودی تعلقات کے فروغ کا باعث بنے گا بلکہ ملکی معیشت کے استحکام اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے بھی اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں :چینی درآمدگی منصوبہ ناکام، قیمتوں میں کمی نہ آسکی، بڑا فیصلہ فلاپ ہو گیا