کوئٹہ (اے بی این نیوز) مہنگائی کی لہر نے شہریوں کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ روزمرہ استعمال کی سبزیوں کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں اور عوام کے لیے بازار سے خریداری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس نے متوسط اور غریب طبقے کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مٹر کی قیمت فی کلو چار سو پچاس روپے سے بڑھ کر پانچ سو روپے تک جا پہنچی ہے۔ ٹماٹر جو کچھ عرصہ قبل سو روپے فی کلو دستیاب تھے، اب تین سو سے ساڑھے تین سو روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔ آلو کی قیمت بھی سو روپے سے بڑھ کر دو سو روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ کریلہ ایک سو پچاس سے بڑھ کر دو سو روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں اور کسی قسم کا حکومتی کنٹرول نظر نہیں آتا۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قیمتوں پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔
شہر بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے نہ صرف سبزیوں بلکہ دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے بروقت اقدامات نہ کیے تو مہنگائی کی یہ لہر مزید شدت اختیار کر سکتی ہے جس سے شہری زندگی مزید متاثر ہوگی۔
مزید پڑھیں :پاک افغان معاہد ہ کے بعد ایک زبردست اقدام،عوام کیلئے خوشخبری