اسلام آباد ( اے بی این نیوز )ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں کراچی میں ٹماٹر کی قیمت 700 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ سرکاری نرخ کے مطابق اس کی قیمت 322 روپے مقرر ہے شہر کے مختلف علاقوں بشمول گلشن اقبال، برنس روڈ اور فیڈرل بی ایریا میں ٹماٹر 650 سے 700 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے گزشتہ ہفتے تک ٹماٹر 240 سے 300 روپے فی کلو تک دستیاب تھا
تاہم اچانک اضافہ نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے پیاز کی قیمت بھی 20 روپے کے اضافے سے 130 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے آلو 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ ہرا دھنیا اور پودینہ 35 روپے گڈی میں دستیاب ہیں گوبھی، بینگن، توری اور کرو کی قیمتوں میں بھی 10 سے 20 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور شہریوں کی قوت خرید بری طرح متاثر ہو رہی ہے پشاور میں ٹماٹر کی قیمت نے چار سو روپے فی کلو کی حد عبور کر لی ہے
جبکہ آٹے کی قیمت میں بھی مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں 20 کلو کا تھیلا 2800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے فیصل آباد میں بھی انتظامیہ کی غفلت کے باعث دکانداروں نے من مانی قیمتیں مقرر کر رکھی ہیں اور مٹر سمیت ٹماٹر 500 روپے فی کلو تک جا پہنچے ہیں عام شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت فوری طور پر پرائس کنٹرول کے مؤثر اقدامات کرے تاکہ بنیادی غذائی اشیاء عام آدمی کی پہنچ میں واپس آ سکیں
مزید پڑھیں :پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے،نواز شریف