اسلام آباد( اے بی این نیوز ) وزارتِ مذہبی امور نے پرائیویٹ حج اسکیم 2026 کے لیے بکنگ کی آخری تاریخ میں پانچ دن کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان وزارت کے مطابق اب عازمینِ حج 22 اکتوبر 2025 تک منظورشدہ حج منظم کمپنیوں کے ذریعے اپنی بکنگ مکمل کر سکتے ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور نے تمام منظور شدہ حج کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بکنگ کے عمل کو حج پالیسی 2026 اور سروس پرووائیڈر ایگریمنٹ (SPA) کے مطابق مکمل کریں تاکہ عازمین کو معیاری اور شفاف سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ترجمان کے مطابق اس سال پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 60 ہزار نشستیں مختص کی گئی ہیں جن میں سے 55 ہزار 500 نشستوں پر بکنگ مکمل ہو چکی ہے، جبکہ تقریباً ساڑھے چار ہزار نشستیں تاحال خالی ہیں۔
وزارت نے واضح کیا کہ عازمینِ حج صرف وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ پر درج منظور شدہ حج کمپنیوں سے ہی رابطہ کریں۔ کسی بھی فراڈ یا دھوکا دہی سے بچنے کے لیے حج واجبات کی ادائیگی ہمیشہ بینکنگ چینل کے ذریعے متعلقہ کمپنی کے اکاؤنٹ میں کی جائے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عازمین بکنگ کے وقت حج معاہدے کی کاپی اور کمپیوٹرائزڈ رسید ضرور حاصل کریں، جبکہ اپنی بکنگ اور ذاتی کوائف کی تصدیق وزارت کی ویب سائٹ یا “پاک حج 2026” موبائل ایپ کے ذریعے لازمی کریں تاکہ کسی ممکنہ مسئلے یا غلطی سے بچا جا سکے۔
وزارتِ مذہبی امور نے کہا کہ حکومتِ پاکستان حج انتظامات کو زیادہ منظم، شفاف اور آسان بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنا رہی ہے تاکہ ہر حاجی کو بہترین سہولیات میسر ہوں۔
مزید پڑھیں :افغانستان بھارت کی پراکسی بن چکا ہے، پاکستان مزید برداشت نہیں کرے گا، وزیر دفاع خواجہ آصف