لاہور ( اے بی این نیوز) لاہور میں بسنت فیسٹیول کی تیاریوں پر غور، محفوظ بسنت پلان حکومت کو پیش۔ انتظامیہ نے اجلاس کے دوران محفوظ بسنت پلان تیار کر کے حکومت کو پیش کیا، جس کا مقصد عوامی تفریح اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے جبکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا بھی ترجیح ہے۔
پلان کے مطابق تیز دھاتی، نائیلون اور کیمیکل سے تیار کردہ ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ صرف کپاس یا نشاستے سے تیار شدہ روایتی ڈور کے استعمال کی اجازت دی جائے گی تاکہ کسی بھی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔
مزید یہ طے پایا کہ ڈور اور پتنگوں پر بار کو لازمی قرار دیا جائے گا تاکہ معیار اور حفاظتی تقاضوں پر عمل درآمد یقینی ہو۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور لائسنس یافتہ دکانداروں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بسنت لاہور کی ثقافت کا ایک خوبصورت حصہ ہے، لیکن اس کے ساتھ شہریوں کی سلامتی اولین ترجیح رہے گی۔ حکومت یہ تہوار محفوظ، منظم اور مثبت انداز میں منانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔
مزید پڑھیں :زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیح، سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، احسن اقبال