اسلام آباد (اے بی این نیوز ) وزیر اعظم کی صدارت میں افغان پناہ گزینوں کی واپسی سے متعلق اہم اجلاس، عطا تارڑ نےبریفنگ دیتے ہو ئے کہا کہاسلام آباد میں وزیر اعظم کی صدارت میں افغان پناہ گزینوں کی واپسی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ اداروں اور صوبوں کی نمائندگی موجود تھی۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے میڈیا کو بتایا کہ اجلاس میں ملکی سلامتی، امن و امان اور پناہ گزینوں کی منظم واپسی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
عطا تارڑ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی، تاہم وفاقی حکومت اس معاملے میں تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کے امن و استحکام کے لیے عظیم قربانیاں دے رہی ہیں، اور ایسے وقت میں امن و امان جیسے حساس معاملے پر سیاست کرنا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج کی ہڑتال کی کال کو عوام نے مسترد کر کے واضح کر دیا ہے کہ وہ استحکام، ترقی اور امن چاہتے ہیں۔ عوام نے روزمرہ زندگی معمول کے مطابق جاری رکھ کر احتجاجی سیاست کو ناکام بنایا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کی خارجہ پالیسی نے ملک کا وقار بین الاقوامی سطح پر بلند کیا ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ کی قدر اور شہریوں کی عزت دنیا بھر میں مستحکم ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے حق میں ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا، کیونکہ انسانی حقوق اور انصاف کے لیے کھڑا ہونا پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔
مزید پڑھیں :حکومت کب تک افغان مہاجرین کابوجھ اٹھائےگی،وزیراعظم