مظفرآباد ( اے بی این نیوز)آزاد کشمیر کے مزید دو وزرا کا کابینہ سے استعفیٰ، سیاسی ہلچل میں اضافہ۔ مظفرآباد میں آزاد کشمیر کی سیاست ایک بار پھر ہلچل کا شکار ہو گئی ہے۔ صوبائی وزرا اکبر ابراہیم اور ماجد خان نے پریس کانفرنس کے دوران کابینہ سے مستعفی ہونے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں وزرا نے کہا کہ وہ موجودہ کابینہ سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں اور اپنے عہدوں سے استعفے دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے فیصلوں اور طرزِ حکمرانی سے وہ مطمئن نہیں ہیں، لہٰذا وہ مزید اس ٹیم کا حصہ نہیں رہ سکتے۔
ذرائع کے مطابق وزرا کے استعفوں کے بعد حکومت کو سیاسی دباؤ اور اندرونی اختلافات کا سامنا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے سیاسی حلقوں میں اس پیشرفت پر شدید بحث جاری ہے۔ ماہرین کے مطابق ان استعفوں کے بعد کابینہ میں مزید تبدیلیوں کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ استعفے آزاد کشمیر میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشمکش اور جماعتی تقسیم کی علامت ہیں۔ عوامی سطح پر بھی یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا حکومت اپنی صفوں میں پائے جانے والے اختلافات کو ختم کر پائے گی یا مزید استعفوں کا سلسلہ آگے بڑھے گا۔
مزید پڑھیں :اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلےکےجھٹکے