ا
اسلام آباد (اے بی این نیوز )نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہِ اگست کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 8 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے نیپرا کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کے نرخوں میں یہ اضافہ ملک بھر کے صارفین سمیت کراچی کے کے-الیکٹرک صارفین پر بھی لاگو ہوگا۔ نیپرا نے واضح کیا کہ اضافی رقم کی وصولی اکتوبر کے بلوں میں کی جائے گی۔
سی پی پی اے (سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی) نے اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کرائی تھی، تاہم نیپرا نے تفصیلی جائزے کے بعد 8 پیسے فی یونٹ اضافہ منظور کیا۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ اضافہ معمولی ہے، مگر یہ صارفین کے لیے مجموعی بجلی بل میں مزید بوجھ کا سبب بنے گا۔ توانائی ماہرین نے تجویز دی ہے کہ حکومت پالیسی سطح پر ایسے اقدامات کرے جن سے ایندھن کے اخراجات میں کمی اور پیداواری لاگت میں استحکام لایا جا سکے۔
نیپرا کے مطابق فیصلہ حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے تحت کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق تمام ڈسکوز (بجلی تقسیم کار کمپنیوں) پر بھی ہوگا۔
مزید پڑھیں :مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوششیں جاری ہیں،جاوید لطیف کا انکشاف