لاہور (اے بی این نیوز)– وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت میں ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ٹماٹر سمیت تمام سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام اور دستیابی یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ مانیٹرنگ سسٹم کو مضبوط بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں سبزی فروشوں کے لیے یکساں طرز کی ریڑھیاں فراہم کی جائیں گی، تاکہ شہروں میں صفائی، نظم و ضبط اور خوبصورتی برقرار رہے۔ اس کے علاوہ مارکیٹ اسٹاف کے لیے ایک جیسی یونیفارم، شیڈز اور شاپس کا ڈیزائن بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عوامی سہولت اور مارکیٹ کے بہتر نظام کے لیے جدید انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کسانوں کے مفاد اور صارفین کے حقوق کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
مزید پڑھیں :پنجاب یونیورسٹی کے ملتوی امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان