اسلام آباد( اے بی این نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ 50 سال سے ہماری سرزمین پر مقیم افغان مہاجرین کو وطن واپس جانا ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں اپنی معیشت کو افغان مہاجرین کے کنٹرول سے آزاد کرنا ہوگا۔ تندوروں سے لے کر ٹرانسپورٹ، ٹھیکیداری، ڈمپ مافیا اور کنسٹرکشن سیکٹر ہماری معیشت کی بنیاد ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا کی سرحدوں کی طرح پاک افغان بارڈر بھی ایسی ہونی چاہیے کہ کوئی بھی بغیر اجازت سرحد پار نہ کر سکے۔
اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی شرارتوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں تعلقات کی وضاحت کے مرحلے میں داخل ہونا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سرحدوں کا احترام ان کا اور ہمارا ہو۔ سرحدوں کا احترام نہ کیا گیا تو یہ سلسلہ جاری رہے گا تو ہمیں بھی دراندازی کا منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کو متعدد بار آگاہ کیا گیا لیکن کوئی موثر کارروائی نہیں کی گئی، افغانستان دراندازی روکنے کی ضمانت دینے کو تیار نہیں۔ بھارت کی شمولیت کے بعد یہ ایک تکون بن گیا ہے، اس صورتحال کو سدھارنا ہمارے لیے ضروری ہوگیا ہے، ہم نے کل رات اس صورتحال کو سدھار لیا۔
مزید پڑھیں:پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال ہو رہی ہے؟ منصور احمد خان کا بڑا انکشاف!