اسلام آباد( اے بی این نیوز)وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ کے پی کے میں نامزد وزیراعلیٰ کو کامیاب نہیں ہونا چاہیے، پی ٹی آئی کے اراکین آزاد ہیں تو ایسے عناصر سے بچیں۔
شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر کا کہنا تھا کہ افغانستان کو دہشت گردوں، فتنہ الخرج کو روکنے کے لیے بار بار سمجھایا گیا لیکن اسے نہیں روکا گیا، ٹی ٹی پی کے ٹھکانے ختم کرنے کا کہا گیا لیکن افغان حکومت عمل نہیں کر سکی۔
رانا تنویر نے کہا کہ بھارت نے جھوٹے الزامات کے تحت حملہ کیا، ہم شواہد کے ساتھ کارروائی کر رہے ہیں، بھارتی پراکسیز بھی بہت جلد ناکام ہو جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کچھ جماعتیں پاکستان دشمن قوتوں کے آلہ کار ہیں، پی ٹی آئی کے بانی دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں، دہشت گردی کو پھر سے زندہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو معاشی شعبے میں جلد خوشخبری سننے کو ملے گی، پنجاب حکومت نے سعودی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بہترین اقدام اٹھایا ہے۔
مزید پڑھیں:افغان وزیر خارجہ نے نئی دہلی پریس کانفرنس سے خواتین صحافیوں کے اخراج کی وضاحت کی