ڈیرہ اسماعیل خان( اے بی این نیوز )ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب زوردار دھماکا ہوا، جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کی آوازیں گونج اٹھیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جوابی کارروائی میں تین حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور لوگ خوف کے مارے گھروں میں محصور ہو گئے۔ دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کا ہدف پولیس ٹریننگ سینٹر تھا، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ بڑے نقصان کو روک لیا۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے دھماکہ خیز مواد اور جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا، جبکہ پولیس اور سیکیورٹی ادارے حملے کی نوعیت اور پسِ منظر جاننے کے لیے تفتیش کر رہے ہیں۔
ڈی آئی خان میں پیش آنے والے اس حملے نے ایک بار پھر علاقے میں سیکیورٹی خدشات کو جنم دیا ہے، تاہم پولیس کے بہادر جوانوں کی بروقت کارروائی سے بڑی تباہی ٹل گئی۔
مزید پڑھیں :اسنوکرمیں بڑا نام ، علی اصغر ولیکا انتقال کر گئے