راولپنڈی ( اے بی این نیوز ) راولپنڈی کے نواحی علاقے کہوٹہ کے گاؤں نوگراں میں تہرے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس نے پورے علاقے کو لرزا کر رکھ دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نصیر، شہزاد اور بشارت کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ دو افراد، شہزاد ولد علی داد اور غضنفر خان، زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیے گئے ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، شہریوں میں بےچینی اور تشویش پائی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے کی جا رہی ہیں تاکہ اس دلخراش واردات کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں۔
ابتدائی طور پر پولیس نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ ذاتی دشمنی یا پرانی رنجش کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ تفتیشی ٹیموں نے علاقے کے مکینوں سے بیانات بھی قلمبند کر لیے ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید پڑھیں :سستی گاڑیوں کی بھر مار