اہم خبریں

عوامی سہولت کے ایک اہم منصوبے کا آغاز،مریم نواز 15 اکتوبر کو راولپنڈی کا دورہ کریں گی

راولپنڈی (  اے بی این نیوز   )راولپنڈی میں عوامی سہولت کے ایک اہم منصوبے کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 15 اکتوبر کو راولپنڈی پہنچیں گی جہاں وہ نئی ایئرکنڈیشنڈ بس سروس کا افتتاح کریں گی۔ اس منصوبے کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے بتایا کہ راولپنڈی اور کینٹ کے شہریوں کے لیے مجموعی طور پر 87 نئی ایئرکنڈیشنڈ بسیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

پہلے مرحلے میں اس جدید بس سروس کو چار مختلف روٹس پر شروع کیا جائے گا، جن میں روات سے موٹر وے چوک اور دیگر اہم مقامات شامل ہیں۔ شہریوں کے لیے کرایہ انتہائی مناسب رکھا گیا ہے جو صرف 20 روپے فی سفر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی طلباء اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے مفت سفری سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

ملک ابرار احمد کا کہنا تھا کہ نئی بس سروس عوام کے لیے آرام دہ، معیاری اور سستی سفری سہولت فراہم کرے گی، جس سے شہریوں کے روزمرہ سفر کے مسائل میں واضح کمی آئے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ منصوبہ عوامی فلاح کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس سے راولپنڈی میں ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے استقبال کی تیاریاں بھرپور انداز میں کی جا رہی ہیں اور ان کا استقبال شایانِ شان طریقے سے کیا جائے گا۔ ملک ابرار احمد کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرے گا بلکہ راولپنڈی کے ٹرانسپورٹ نظام میں انقلابی بہتری کی بنیاد بھی بنے گا۔

مزید پڑھیں :سستی گاڑیوں کی بھر مار

متعلقہ خبریں