راولپنڈی ( اے بی این نیوز ) اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے پنجاب اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے 107 ارکان اسمبلی موجود ہیں جبکہ 14 اسٹینڈنگ کمیٹیاں قائم ہیں، جن سے اب تمام ارکان کو مستعفی ہونے کا کہا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے گفتگو کے دوران کہا کہ عمران خان نے واضح طور پر ہدایت دی ہے کہ پارٹی اب کسی کمیٹی کا حصہ نہیں رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ خان صاحب کی جانب سے یہ فیصلہ تنظیمی اور سیاسی حکمتِ عملی کے تحت کیا گیا ہے تاکہ پارٹی کی پالیسی اور موقف مزید مضبوط انداز میں سامنے آسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے لیے سہیل آفریدی کا نام فائنل کیا ہے اور وہی اگلے وزیراعلیٰ ہوں گے۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کا فیصلہ صوبے میں سکیورٹی اور انتظامی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، تاہم عمران خان نے ان کے کردار کو انتہائی مثبت انداز میں سراہا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ خیبرپختونخوا میں نئی حکومت کے قیام کے بعد کابینہ میں تبدیلیاں متوقع ہیں تاکہ انتظامی امور بہتر بنائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ خود مستعفی ہو جائیں تو پارٹی کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں، اس لیے وہ اپنی ذمہ داریاں پوری طرح نبھاتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں :قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان سپنر ابرار احمد کی دلہن کا نام اور تصاویر سامنے آگئیں