اہم خبریں

راولپنڈی ، اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، ممکنہ احتجاج پر انتظامیہ حرکت میں

راولپنڈی (اے بی این نیوز) جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں مذہبی جماعت کے ممکنہ احتجاج اور اقصیٰ ملین مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے امن و امان کی ممکنہ خرابی کے خدشے پر شہر بھر میں سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے تمام ٹرانسپورٹ اڈہ جات خالی کرانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے اڈوں کو خالی کرا رہی ہیں۔ ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بسوں اور ویگنوں کی سروس عارضی طور پر معطل رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔ حکام کے مطابق چار یا اس سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے گی تاکہ احتجاج یا کسی ممکنہ ہنگامے کو روکا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی انتظامیہ نے 10 اکتوبر کو مذہبی جماعت کے اعلان کردہ *ملین مارچ* کے پیش نظر فیض آباد اور مری روڈ** پر کنٹینرز رکھ دیے ہیں جبکہ ہوٹلز اور دکانیں بند رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

ادھر حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان مارچ کو روکنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔ سیکیورٹی ادارے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ اضافی نفری کو حساس مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔

مزید پڑھیں :علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ ایک معمہ بن گیا، صورتحال گھمبیر،جا نئے اندر کی کہانی

متعلقہ خبریں