اہم خبریں

سہیل آفریدی کون ہیں؟

پشاور (اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کے طور پر محمد سہیل آفریدی کو نامزد کر دیا ہے۔ سہیل آفریدی کا تعلق قبائلی ضلع خیبر سے ہے اور وہ صوبائی سیاست میں ایک متحرک اور ابھرتے ہوئے رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

سہیل آفریدی پہلی مرتبہ 2018 کے عام انتخابات میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 70 ضلع خیبر سے کامیاب ہوئے۔ انہوں نے بی ایس سی اکنامکس کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور اپنی عملی سیاست کا آغاز انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے کیا، جہاں سے ان کی سیاسی تربیت اور جماعتی وابستگی کا سفر شروع ہوا۔

بطور رکنِ صوبائی اسمبلی، سہیل آفریدی نے تعمیر و ترقی کے متعدد منصوبوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ صوبائی کابینہ میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے تعمیرات و مواصلات کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے ہی انہیں وزیر کا درجہ دیتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کا محکمہ تفویض کیا گیا تھا، جس دوران ان کی انتظامی صلاحیتوں اور متوازن قیادت کو پارٹی کے اندر سراہا گیا۔

پارٹی قیادت کے مطابق سہیل آفریدی ایک نوجوان، وژنری اور انتظامی طور پر اہل سیاستدان ہیں، جن سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ خیبرپختونخوا میں ترقی، امن اور گورننس کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔
مزید پڑھیں :علی امین گنڈاپور کا وزارتِ اعلیٰ سے استعفے کا اعلان

متعلقہ خبریں