پشاور (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کی افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما سہیل آفریدی نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبریں جھوٹی، بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔
سہیل آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر انہیں نیا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کرنے کی خبریں مکمل طور پر من گھڑت ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے منسوب تمام بیانات جھوٹے اور حقائق کے منافی ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کے اعتماد یافتہ، وفادار اور متحرک ساتھی ہیں، اور وہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی نے علی امین گنڈاپور کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی تمام افواہیں پارٹی کو تقسیم کرنے کی سازش ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بعض عناصر جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا کر تحریک انصاف کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سازشوں کا مقصد پارٹی میں انتشار پیدا کرنا ہے، لیکن ہم متحد ہیں اور علی امین گنڈاپور ہی ہمارے وزیراعلیٰ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کو نقصان پہنچانے والی ہر کوشش کا مؤثر جواب دیا جائے گا، ہم سچائی اور تنظیمی اتحاد کے دفاع کے لیے ہر فورم پر اپنا مؤقف پیش کریں گے، اور انتشار پھیلانے والوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :علی امین گنڈاپور فارغ، سہیل آفریدی نامزد