لاہور( اے بی این نیوز ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وردی پہن کر آپ نے یہ پیغام دیا ہے کہ آپ مجھ سے ہیں اور میں آپ سے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب میری ٹیم کا سب سے اہم حصہ ہے اور مجھے اس کے ہر ورکر اور ہیرو پر فخر ہے۔مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب نے پنجاب کے گلی محلوں، شہروں اور قصبوں کو صاف کر کے سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ان کے مطابق ستھرا پنجاب نے میرے خواب کو حقیقت میں بدل دیا اور صوبے کو نیا روپ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے واریئرز نے سیلاب کے دوران دھرتی کے چپے چپے پر خدمت کی۔ جن کی ذمے داری نہیں تھی، انہوں نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت کام کیا۔ سیلاب کے وقت ستھرا پنجاب کے ورکرز نے انسانی بند بنا کر پانی روکا، متاثرین کو محفوظ مقامات تک پہنچایا، کسی نے بچے اٹھائے، کسی نے سازوسامان، سب نے عوام کی خدمت کو اپنا فریضہ سمجھا۔مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب نے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر ایک مٹھی بن کر کام کیا۔ جہاں جہاں سیلاب کا پانی اترا، وہاں ستھرا پنجاب نے صفائی کا کمال مظاہرہ کیا۔ علاقوں کو مٹی اور کیچڑ سے پاک کر کے نیا چمکتا ہوا روپ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ یہ نہ سمجھیں کہ میں لاہور میں بیٹھی ہوں، میں آپ کا ہر کام دیکھتی ہوں۔ ستھرا پنجاب کے ورکرز کی محبت نے میری آنکھوں میں آنسو لا دیے۔
انہوں نے بتایا کہ ساہیوال کے ورکرز نے جب صفائی مکمل کی تو اعلان کیا کہ ہر گھر صاف ہو گیا ہے۔ ستھرا پنجاب کے ورکرز نے بارش، آندھی اور سیلاب کے دوران بھی اپنی خدمات جاری رکھیں۔
مریم نواز نے ماضی کی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت ختم ہونے کے بعد صفائی کا نظام بھی تباہ ہو گیا تھا۔ چار سالہ گوگی پنکی دور میں پاکستان نے بدترین حالات دیکھے۔ لاہور سمیت پنجاب کے شہروں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے تھے اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے بتایا کہ آج پنجاب کے 38 شہروں میں ڈیڑھ لاکھ افراد صفائی کے نظام پر مامور ہیں۔ اب لوگ کہتے ہیں کہ کوڑے والے نہیں بلکہ صفائی والے آگئے ہیں۔ ستھرا پنجاب کے پاس 35 ہزار مشینری آئٹمز ہیں، ہر ضلع اپنی مشینری اور فلیٹ رکھتا ہے، اور اب کسی ضلع کو دوسرے ضلع سے مشینری منگوانی نہیں پڑتی۔ ایک سال میں تمام اضلاع کا اپنا خودکفیل نظام بن چکا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ لاکھوں کنٹینرز اور ویسٹ انکلوژرز ستھرا پنجاب کے نظام کا حصہ بن چکے ہیں۔ اب پنجاب میں صفائی کا جدید، منظم اور خودکار نظام قائم ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں عید قربان کے بعد الائشیں ہفتوں تک سڑکوں پر پڑی رہتی تھیں لیکن اب عید کے صرف دو گھنٹے میں پورے پنجاب کی صفائی مکمل کر لی جاتی ہے۔ ستھرا پنجاب کی ٹیمیں صبح سات بجے گھروں کے دروازے کھٹکھٹاتی ہیں تاکہ عوام کو سہولت دی جا سکے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ حکومت اب عوام کے دروازے پر خدمت کے لیے پہنچتی ہے۔ سیوریج لائنز کی صفائی کے لیے ہائی پریشر واٹر سسٹم اور سکشن مشینز فراہم کی گئی ہیں تاکہ بلاکیجز کو جدید انداز میں صاف کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے طنزیہ انداز میں کہا کہ میں ان دماغوں کی بھی صفائی کر رہی ہوں جو پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں۔ اگر میں پنجاب کی بات نہ کروں تو کون کرے گا؟ میرا خواب ہے کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا بھی اسی طرح صاف اور ترقی یافتہ ہوں جیسے آج پنجاب ہے۔انہوں نے کہا کہ شاید اسی بات پر کچھ لوگوں کو غصہ آتا ہے کہ میں پنجاب کی بات کیوں کرتی ہوں، مگر میں اپنی دھرتی کی ترقی اور عوام کی خدمت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کروں گی۔
مزید پڑھیں : آئی سی سی رینکنگ ، 10 بہترین بیٹرز کی فہرست جاری، پاکستان بھی نمبر لے گیا،جا نئے کس بیٹر کا نام شامل