اسلام آباد( اے بی این نیوز ) پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی نمایاں بلے باز سدرہ امین نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ آئی سی سی کی جاری کردہ ویمنز ون ڈے رینکنگ میں سدرہ امین پہلی بار دنیا کی 10 بہترین بلے بازوں میں شامل ہو گئی ہیں۔ آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں سدرہ امین نے تین درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 10 ویں پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے اپنے ون ڈے کیرئیر کے سب سے زیادہ 664 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے، جو ان کے شاندار فارم اور مستقل مزاجی کا ثبوت ہے۔
سدرہ امین نے حال ہی میں بھارت کے خلاف میچ میں 81 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تھی جس نے ان کی عالمی رینکنگ میں نمایاں اضافہ کیا۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق سدرہ کی یہ کارکردگی پاکستان ویمن ٹیم کے لیے نئی امید کی کرن ہے۔دوسری جانب آئی سی سی کی رینکنگ میں دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔ قومی بیٹر منیبہ علی سات درجے تنزلی کے بعد 40 ویں نمبر پر آگئی ہیں جبکہ آل راؤنڈر عالیہ ریاض نو درجے گر کر 47 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔
بولنگ رینکنگ میں نشرہ سندھو دو درجے تنزلی کے بعد 15 ویں نمبر پر چلی گئی ہیں، جبکہ سعدیہ اقبال تین درجے نیچے آ کر 20 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ کپتان فاطمہ ثنا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پانچ درجے ترقی حاصل کی اور اب وہ 29 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ فاسٹ بالر ڈیانا بیگ بھی تین درجے اوپر آ کر 39 ویں پوزیشن پر آگئی ہیں۔
آئی سی سی ویمنز ون ڈے بولرز رینکنگ میں انگلینڈ کی صوفی ایکلسٹن بدستور سرفہرست ہیں جبکہ بیٹنگ رینکنگ میں بھارتی اسٹار اوپنر سمریتی مندھانا پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
مزید پڑھیں : عام تعطیل کا اعلان