اہم خبریں

وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے

کوالالمپور(  اے بی این نیوز     )وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات فہمی فاضل اور پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا، جہاں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے خود استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گلے مل کر خوش آمدید کہا اور پاک–ملائیشیا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ ملائیشیا آ کر بے حد خوشی محسوس کر رہے ہیں اور پرتپاک استقبال پر انور ابراہیم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو “نئی بلندیوں” تک لے جانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

وفد میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔دورے کے دوران وزیراعظم کی انور ابراہیم سے بالمشافہ ملاقات ہوگی، جبکہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی طے ہیں۔ ملاقاتوں میں تجارت، آئی ٹی، ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔

اس موقع پر مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر بھی دستخط متوقع ہیں، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل معیشت، انسانی وسائل کی ترقی، اور عوامی روابط کو فروغ دینا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات کو نئی سمت دینے، معاشی شراکت داری بڑھانے اور خطے میں اقتصادی استحکام کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔
مزید پڑھیں :فائنل ٹاکرا،جا نئے تاج کس کے سر سجا

متعلقہ خبریں