کراچی (اے بی این نیوز ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے سیلاب متاثرین پر گندی سیاست کا شرجیل میمن کا بیانیہ بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب کو دھمکیوں اور پیڈ احتجاج کے ذریعے بلیک میل کرنا پیپلزپارٹی کا پرانا وتیرہ بن چکا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بطور وزیر خارجہ اپنے ہی وزیراعظم اور حکومت کی جڑیں کمزور کیں، جبکہ اب اپنی ناکامیوں کا ملبہ پنجاب پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن کے گھر میں باپ بیٹے کی نہیں بنتی، وہ پنجاب پر طعنے دے کر اپنے سیاسی گناہ چھپانا چاہتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جنوبی پنجاب آج بھی اندرون سندھ سے زیادہ ترقی یافتہ ہے، کیونکہ وہاں وڈیرہ ازم اور جاگیردارانہ سوچ نے عوام کو پسماندگی میں دھکیل رکھا ہے۔ ان کے مطابق ہاریوں کے بچوں کو تعلیم سے محروم رکھنا سیاست نہیں بلکہ کھلا ظلم ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں ناکامی کے بعد پنجاب کے سیاسی ماحول کو خراب کرنا چاہتی ہے، مگر یہ سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات شفاف اور عوامی ہوں گے، یہاں کراچی جیسے بوگس انتخابات نہیں ہوں گے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے زور دیا کہ شرجیل میمن کو چاہیے کہ وہ الزامات کے بجائے سندھ کی عوامی خدمت پر توجہ دیں اور سیلاب متاثرین کے نام پر سیاست چمکانے کی روش ترک کریں۔
مزید پڑھیں :ن لیگ ہمارے خلاف مہم چلا رہی ہے،پیپلز پارٹی