اہم خبریں

مریم نواز کو عوامی مینڈیٹ نہیں ملا، خیراتی سیٹوں پر سیاست کر رہی ہیں، سسی پلیجو

کراچی(اے بی این نیوز        )پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور سابق سینیٹر سسی پلیجو نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو عوامی مینڈیٹ نہیں ملا، بلکہ وہ خیراتی سیٹوں پر سیاست کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر خمیسو گولڑو کو بھی اسی طرح دائیں بائیں سے داد ملے تو وہ بھی میڈیا کی زینت بن جائیں۔

سسی پلیجو نے کہا کہ مریم نواز کے پاس “مانگے تانگے” کی ایک بھی سیٹ نہیں تھی لیکن پھر بھی انہیں پورا صوبہ سونپ دیا گیا۔ عوام نے تو انہیں سات نشستوں پر بھی اہل قرار نہیں دیا۔ ان کے بقول، خیراتی مینڈیٹ کے باوجود وہ بڑے صوبے کی وزارت اعلیٰ پر فائز ہیں تو پھر انہیں چھوٹے صوبوں کے خلاف بات کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ مریم نواز کا ڈومیسائل طاقتور ضرور ہے لیکن وہ عوامی ووٹ کی پیداوار نہیں بلکہ فارم 47 کی مرہون منت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “مریم نواز جھوٹے مینڈیٹ اور بغض بھرے بیانات سے حقیقت کو بدل نہیں سکتیں، ایک بار شفاف الیکشن ہوئے تو وہ ملک میں کہیں نظر نہیں آئیں گی۔”

سسی پلیجو نے مزید کہا کہ مریم نواز کی تقاریر میں لسانیت اور چھوٹے صوبوں کی مخالفت واضح نظر آتی ہے لیکن یہ روش زیادہ دیر نہیں چل سکتی کیونکہ نفرت اور جھوٹ پر مبنی سیاست کی کوئی لمبی عمر نہیں ہوتی۔ انہوں نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا کہ سندھ دشمن ڈیم اور کینال کسی صورت تعمیر نہیں ہونے دیں گے۔

پیپلزپارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ کے باشعور عوام نے کبھی بھی اینٹی سندھ پالیسیوں کو برداشت نہیں کیا اور نہ ہی آئندہ اجازت دیں گے۔ انہوں نے مریم نواز کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے والد نواز شریف سے ہی پوچھ لیں کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ ایسی پالیسیوں کا بھرپور جواب دیا ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا۔

مزید پڑھیں :کیا آپ پھر کورونا کا شکار ہو گئے،جا نئے علامات

متعلقہ خبریں