اسلام آ باد (نیوزڈیسک)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی معاشی نظام ترقی پذیر ممالک کے مسائل سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔اقوام متحدہ میں چین اور جی 77 وزارتی کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نےکہا کہ ترقی پذیر ممالک کو معاشی چیلینجز کا سامنا ہے، کم از کم سو ممالک اقتصادی بحران کا شکار ہیں اور ان ممالک میں کروڑوں لوگ بھوک افلاس کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدی کی بدترین کسادبازاری غریب ممالک کو متاثر کررہی ہے، صدی کی کساد بازاری نے دہائی کی ترقی کا رستہ موڑ دیا ہے۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے موسمیاتی سانحات غریب ممالک کو متاثر کر رہے ہیں، پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریاں اس کی ایک مثال ہیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جی 77 وزرائے خارجہ کا اجلاس چیئر کرنے کا موقع دینے پر شکر گذار ہیں۔