اسلام آباد( اے بی این نیوز )این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ کے مطابق نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پیش گوئی کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں 5 سے 7 اکتوبر تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے جہلم، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے چترال، ڈیر، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، نوشہرہ، مہمند، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بونیر، پشاور، صوابی، وزیرستان اور ہزارہ ڈویژن میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث دریائے سوات، پنجکوڑا اور کابل کے بہاؤ میں تیزی آسکتی ہے۔گلگت بلتستان میں بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے باعث متعدد اہم شاہراہوں، بشمول ٹورغر روڈ، بٹگرام روڈ، شانگلہ روڈ، لوئر کوہستان روڈ، تتہ پانی روڈ، گلگت روڈ، ہنزہ روڈ، روندو، اسکردو اور جگلوٹ روڈ کے متاثر ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم و ٹریفک کی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے ریڈیو، ٹی وی اور “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔ تمام متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے بھی مسلسل جاری ہیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں سے تعاون یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں :علی امین نے عمران خان کے احکامات دھول میں اڑا دیئے،کا بینہ اجلاس کا بہانہ،اڈیالہ جیل نہ پہنچے