اہم خبریں

پی ٹی آئی کو عوام کی امیدوں پر پورا اترنا ہوگا،تیمور سلیم جھگڑا

اسلام آباد (اے بی این نیوز        ) تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ پارٹی کے اندرونی اختلافات کو ہم خود ہی حل کریں گے اور یہ ذمہ داری ان لوگوں پر عائد ہوتی ہے جو اہم عہدوں پر موجود ہیں۔ ان کے مطابق پارٹی میں نظم و ضبط انتہائی ضروری ہے اور یہی وقت کی ضرورت ہے کہ سب مل کر متحد ہو کر آگے بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر رکن کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے کیونکہ اختلافِ رائے کو انتشار میں بدلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پی ٹی آئی کی اصل طاقت یکجہتی ہے جو ہمارے بیانیے کی بنیاد ہے۔ ہماری ترجیح اصلاح ہے، الزام تراشی نہیں، اور کارکن اس جدوجہد میں تھکنے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے کچھ لوگ علیمہ خان کے ساتھ کھڑے تھے اور آج مختلف بیانیہ دے رہے ہیں، عدالتیں ان معاملات پر خاموش نہیں رہ سکتیں۔ بہتر یہی ہے کہ ہم ذاتی معاملات سے آگے بڑھیں اور قومی مسائل پر توجہ دیں۔

تیمور سلیم جھگڑا نے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا کہ وہ جو قربانیاں دے رہے ہیں، اس کے لیے پارٹی کی بھرپور جدوجہد ضروری ہے۔ اگر کبھی ان کی ناراضی یا غصہ سامنے آتا ہے تو وہ دراصل ہماری اپنی کوتاہیوں پر ہوتا ہے۔ ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے پشاور جلسے کی عوامی شرکت کو اس بات کا ثبوت قرار دیا کہ عوام کا جذبہ اب بھی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔

کے پی حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسے صرف ایک جلسے یا وقتی ردعمل سے نہیں پرکھا جا سکتا۔ پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے سینئر قیادت کے ساتھ یکساں سلوک کرنا ضروری ہے۔ علی امین خان نے درست کہا کہ کابینہ میں شمولیت وزیروں کا حق ہے، جبکہ اسد قیصر، شہرام خان اور دیگر رہنماؤں کی وفاداری پر کوئی شک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گنڈا پور کی ذمہ داری پورے صوبے سے جڑی ہے اور امید ہے وہ اپنی پوزیشن کو درست انداز میں استعمال کریں گے۔وہ اے بی این نیوز کے پروگرا م سوال سے آگے میں گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ

ان کا کہنا تھا کہ گورننس کے بڑے فیصلوں میں اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔ تحریک انصاف اس وقت ممکنہ طور پر سب سے مضبوط پوزیشن میں ہے اور عوام یہ توقع رکھتے ہیں کہ پارٹی ملک کو سنبھال سکتی ہے۔ اگر ہمارے پاس پانچ سال میں قومی مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہے تو اندرونی اختلافات کیوں نہیں سلجھا سکتے؟ تیمور سلیم جھگڑا نے زور دیا کہ جب ہم یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ملک کو بدل سکتے ہیں تو اس پر عمل بھی ثابت ہونا چاہیے، کیونکہ یہ وقت فیصلے کرنے کا ہے اور پی ٹی آئی کو عوام کی امیدوں پر پورا اترنا ہوگا۔

مزید پڑھیں  :قائم مقام صدرِ پاکستان سے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون کی ملاقات

متعلقہ خبریں