اہم خبریں

تنقید کرنے سے پہلے کاش آپ اپنا ماضی بھی دیکھ لیتے،عظمیٰ بخاری کا پیپلزپارٹی پر کھلا وار

لاہور (اے بی این نیوز        ) مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے قمر الزمان کائرہ کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے پنجاب حکومت کے خلاف پریس کانفرنسز کی ایک ریس لگی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگ بار بار کہتے ہیں کہ سیلاب متاثرین پر سیاست نہیں کر رہے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کاش پنجاب میں رہ کر پنجاب کی بیٹی پر تنقید کرنے سے پہلے آپ اپنا ماضی بھی دیکھ لیتے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ یہ کیسی سیاست ہے کہ جس جماعت کی ایک وقت میں لیڈر ایک خاتون رہ چکی ہیں، وہی جماعت آج کسی اور خاتون لیڈر کے خلاف بار بار پریس کانفرنسز کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی کو مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی جماعت کی گرتی ہوئی عوامی حمایت پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی کابینہ اور اداروں کے ہمراہ پہلے دن سے متاثرین کے درمیان موجود ہیں اور عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف پہنچا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اختلاف رائے نہیں بلکہ پنجاب حکومت پر باجماعت تنقید ہے جس کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ اگر آپ ذاتی حملے کریں گے تو جواب بھی اسی انداز میں دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں  :حکمران اتحادی آپسی اختلافات ڈرامہ ہیں، جے یو آئی

متعلقہ خبریں