اہم خبریں

حکمران اتحادی آپسی اختلافات ڈرامہ ہیں، جے یو آئی

لاہور (اے بی این نیوز        ) جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے حکمران اتحاد پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کے کھیل تماشے قوم کا مذاق اڑانے کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران اتحاد کی نورا کشتی دراصل عوام کو اصل مسائل سے بھٹکانے کی ایک کوشش ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کے بڑھتے بلوں کے بوجھ تلے پس رہے ہیں۔

اسلم غوری نے مزید کہا کہ حکمران اتحاد کی آپس کی گولہ باری صرف نمائشی ہے اور اس سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے سندھ اور پنجاب میں تباہ حال انفراسٹرکچر کو حکمرانوں کی بدانتظامی کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ سڑکوں، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی حالت اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمرانوں نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔

انہوں نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوٹو سیشن اور نمائشی منصوبے کبھی بھی عوامی مسائل کا حل نہیں بن سکتے۔ ترجمان جے یو آئی نے زور دیا کہ ملک کو سنجیدہ فیصلوں کی ضرورت ہے، نہ کہ ایسے سیاسی تماشوں کی جو عوامی غم و غصے میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں  :بی آئی ایس پی کفالت پروگرام،13500 روپے حاصل کریں،کیسے جا نئے طریقہ کار

متعلقہ خبریں