پشاور(اے بی این نیوز )خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں اور محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 28 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 152 تک پہنچ گئی ہے۔ رواں سیزن کے دوران مجموعی طور پر 2526 افراد ڈینگی کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ خوش آئند بات یہ ہے کہ اب تک صوبے میں کسی بھی ہلاکت کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
پشاور سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شامل ہے جہاں اب تک 174 افراد ڈینگی سے متاثر ہوچکے ہیں، جن میں سے 152 صحتیاب ہو گئے جبکہ اس وقت 22 فعال کیسز موجود ہیں۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ چارسدہ میں سب سے زیادہ 938 متاثرین سامنے آئے جن میں سے صرف 17 اب بھی زیر علاج ہیں۔ مانسہرہ میں 290 کیس رپورٹ ہوئے اور سات فعال ہیں، ہری پور میں 236 متاثرین سامنے آئے جن میں گیارہ ابھی علاج کے مرحلے میں ہیں۔کوہاٹ میں 125 افراد میں سے 119 صحتیاب ہوچکے ہیں
اور چھ کیس فعال ہیں، صوابی میں 101 کیسز میں سے 95 صحتیاب جبکہ چھ زیر علاج ہیں۔ مردان میں 90 میں سے 81 صحتیاب اور نو فعال کیس ہیں۔ ایبٹ آباد میں 87 میں سے 83 صحتیاب جبکہ چار زیر علاج ہیں۔ بونیر میں 63 کیسز میں 58 صحتیاب اور پانچ فعال ہیں۔ نوشہرہ میں 58 متاثرین میں 52 صحتیاب جبکہ چھ ابھی بھی متاثرہ ہیں۔دیر لوئر میں 56 میں سے 42 صحتیاب اور 14 فعال کیسز ہیں۔ باجوڑ میں 47 متاثرین میں 37 صحتیاب اور دس فعال ہیں۔
بٹگرام میں 45 میں سے 43 صحتیاب اور دو فعال ہیں۔ ملاکنڈ میں 40 میں سے 27 صحتیاب جبکہ 13 مریض اب بھی زیر علاج ہیں۔ ہنگو میں 36 میں سے 35 صحتیاب اور ایک فعال کیس ہے۔ ڈی آئی خان میں 32 متاثرین میں 28 صحتیاب اور چار زیر علاج ہیں۔ بنوں میں 21 میں سے 20 صحتیاب اور ایک فعال ہے۔ لکی مروت میں 21 میں سے 16 صحتیاب ہوچکے جبکہ پانچ کیس اب بھی فعال ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق مجموعی طور پر 2374 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں، تاہم مچھروں کی افزائش کے باعث نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں اور اطراف کے علاقوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور کھلے پانی کے ذخائر کو ختم کریں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو مزید روکا جا سکے۔
مزید پڑھیں :بی آئی ایس پی کفالت پروگرام،13500 روپے حاصل کریں،کیسے جا نئے طریقہ کار