اہم خبریں

مریم نواز کا مری کی عوام کیلئے بڑا اعلان

مری ( اے بی این نیوز        ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری کے پہلے کارڈیک سینٹر کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست مشکل سفر اور کٹھن راستوں کا نام ہے لیکن اس کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مری میں پہلی بار دل کے علاج کی جدید سہولت فراہم کی گئی ہے اور آج اس اسپتال میں پانچ مریضوں کی انجیوگرافی بھی کی گئی۔ مریم نواز نے کہا کہ کم عرصے میں نواز شریف کارڈیالوجی سینٹر مکمل ہونا ایک بڑی کامیابی ہے اور اب مری اور گلیات کے عوام کو علاج کے لیے راولپنڈی نہیں جانا پڑے گا کیونکہ یہاں تمام جدید طبی سہولیات دستیاب ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں مری کو اپنا گھر قرار دیا اور کہا کہ ان کا بچپن یہاں گزرا ہے، اس لیے اس علاقے سے محبت الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ چند دنوں میں کارڈیک سرجری بھی شروع کر دی جائے گی، جبکہ مری میں پانی کے منصوبے، سکولوں کی اپ گریڈیشن اور سیاحتی سہولتوں میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ دو سال کے اندر مری دنیا کا بہترین سیاحتی مقام بنے گا، مال روڈ کی اپ گریڈیشن کی خود نواز شریف نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ مری میں ٹرین چلانے کا منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ سیاحوں کو اپنی گاڑیاں لانے کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ کوٹلی ستیاں میں 100 بیڈ کا اسپتال اور بھوربن میں جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بنایا جائے گا۔

تقریب کے دوران ان کا گلا خراب ہو گیا مگر اس کے باوجود انہوں نے خطاب جاری رکھا۔ مریم نواز نے کہا کہ مری والوں سے جو وعدے بھی نہیں کیے، انہیں بھی پورا کر رہے ہیں کیونکہ عوامی خدمت ہی اصل سیاست ہے۔

مزید پڑھیں  :بلوچستان کابینہ کا فیصلہ معطل

متعلقہ خبریں