اسلام آباد (رضوان عباسی ) وفاقی کابینہ نے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل بنیادوں پر درآمد کی اجازت دے دی ہے۔ ابتدائی طور پر پانچ سال سے کم پرانی گاڑیوں کو آئندہ سال 30 جون تک درآمد کرنے کی اجازت ہوگی، جس کے بعد گاڑیوں کی عمر کی حد ختم کر دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں ضروری ترامیم کر دی گئی ہیں۔ کمرشل بنیادوں پر استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد ماحولیاتی اور حفاظتی معیارات کی سخت تعمیل سے مشروط ہوگی۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گزشتہ ہفتے 24 ستمبر کو استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی منظوری دی تھی۔ ای سی سی نے درآمدی پالیسی آرڈر 2022 کی متعلقہ شقوں میں ترمیم کا فیصلہ بھی کیا تاکہ تجارتی بنیادوں پر گاڑیوں کی درآمد ممکن ہو سکے۔
فیصلے کے مطابق پانچ سال سے کم عمر استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر موجود کسٹمز ڈیوٹیز کے علاوہ 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہوگی۔ یہ اضافی ڈیوٹی 30 جون 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔ اس کے بعد ہر سال 10 فیصد کمی کی جائے گی اور مالی سال 2029-30 تک یہ ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔۔
مزید پڑھیں :حکومت سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں نکلے گا،بیرسٹر علی ظفر