اسلام آباد (اے بی این نیوز )تحریک انصاف نے رہنما زین قریشی کو جاری کیا گیا شوکاز نوٹس باضابطہ طور پر نمٹا دیا ہے۔ انہیں یہ نوٹس 26ویں آئینی ترمیم کے موقع پر پارٹی سے رابطہ منقطع کرنے پر دیا گیا تھا۔ زین قریشی نے اپنی وضاحت تحریری طور پر پارٹی قیادت کو پیش کی تھی، جس کے بعد اس معاملے کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔
کمیٹی نے زین قریشی کے جواب کا تفصیلی جائزہ لیا اور اپنی سفارشات بانی تحریک انصاف کو بھجوائیں۔ بانی نے کمیٹی کی رپورٹ کا مطالعہ کرنے کے بعد زین قریشی کا جواب درست قرار دیتے ہوئے کسی بھی قسم کی مزید کارروائی نہ کرنے کی ہدایت دی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے بعد زین قریشی بدستور تحریک انصاف کا حصہ رہیں گے اور ان کے خلاف کوئی تادیبی اقدام نہیں اٹھایا جائے گا۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پارٹی کے اندرونی اختلافات کو کم کرنے اور رہنماؤں کو متحد رکھنے کی ایک اہم کوشش ہے۔
مزید پڑھیں :بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ راجیو شکلا نے محسن نقوی سے ٹرافی مانگ لی ، مسلسل منت ترلہ