اہم خبریں

مقابلہ دلچسپ ہو گیا،بھارت کو جیت کیلئے 17گیندوں پر 29رنز درکار

دبئی ( اے بی این نیوز       )ایشیا کپ 2025 کا فائنل دبئی میں سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور صورتحال نہایت دلچسپ ہو گئی ہے۔ بھارت کو پاکستان کے 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کامیابی کے لیے صرف 17 گیندوں پر 29رنز درکار ہیں جبکہ اس کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔ اس وقت کریز پر تلک ورما ففٹی مکمل کرنے کے بعد شیوَم دوبے کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں اور دونوں بیٹرز انڈین شائقین کے لیے امید کی کرن بنے ہوئے ہیں۔

میچ کی شروعات ہی ڈرامائی انداز میں ہوئی تھی جب ابھیشیک شرما صرف 5 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے اور شبھمن گل بھی 12 گیندوں پر صرف ایک رن بنا سکے۔ کپتان سوریا کمار یادو کو شاہین شاہ آفریدی نے محض ایک رن پر آؤٹ کیا جبکہ سنجو سیمسن 24 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

اس سے قبل پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر غیر مستقل مزاجی کا شکار رہی۔ صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان کے علاوہ کوئی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 57 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، جبکہ فخر زمان نے 35 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔ لیکن باقی بیٹرز بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 146 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے صرف 30 رنز کے عوض 4 شکار کیے، جب کہ اکشر پٹیل، ورون چکراورتی اور جسپریت بمراہ نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

فائنل میچ میں بھارت کو ہاردک پانڈیا کی کمی شدت سے محسوس ہو رہی ہے جو انجری کے باعث میچ سے باہر ہیں اور ان کی جگہ رنکو سنگھ کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم نے اس بڑے میچ میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور کپتان سلمان علی آغا اپنے اسکواڈ پر مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ آخری 25 گیندوں میں پاکستان کے بولرز تاریخ رقم کر پاتے ہیں یا بھارت اپنی بیٹنگ لائن کی بدولت ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کر لیتا ہے۔ یہ لمحات دونوں ملکوں کے کرکٹ شائقین کے لیے اعصاب شکن ہیں اور اس تاریخی فائنل کا نتیجہ پوری دنیا کی نظریں اپنی جانب مبذول کیے ہوئے ہے۔

مزید پڑھیں :سنسنی خیز مقابلہ جاری ،بھارت 147 رنز کے ہدف میں 4وکٹیں گنوا بیٹھا

متعلقہ خبریں