اہم خبریں

سنسنی خیز مقابلہ جاری ،بھارت 147 رنز کے ہدف میں 4وکٹیں گنوا بیٹھا

دبئی ( اے بی این نیوز       )ایشیا کپ 2025 کے دبئی فائنل میں سنسنی خیز مقابلہ جاری ہے اور میچ کا مزاج تیزی سے بدل رہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے 147 رنز کا ہدف رکھنے کے بعد بھارتی ٹیم بیٹنگ کے لیے میدان میں اتری، لیکن گرین شرٹس کے گیند بازوں نے شاندار آغاز کیا اور محض 13 اوورز میں بھارت کی 4 وکٹیں اڑا دیں۔ اس وقت بھارتی ٹیم کا اسکور106رنز ہے اور کریز پر تلک ورما اور شیوَم دوبے موجود ہیں۔بھارت کی پہلی وکٹ صرف 7 رنز پر گری جب ابھیشیک شرما 5 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے ہی اوور میں کپتان سوریا کمار یادیو صرف ایک رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ تیسری وکٹ شبھمن گل کی گری جو 12 رنز پر فہیم اشرف کو کیچ دے بیٹھے۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سنجو سیمسن تھے جو 24 رنز بنا کر ابرار احمد کے ہتھے چڑھے۔پاکستانی اننگز بھی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔ ایک موقع پر اسکور بورڈ پر صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 112 رنز تھے لیکن اس کے بعد بیٹنگ لائن پُھسل گئی اور باقی 9 وکٹیں صرف 33 رنز کے اضافے سے گر گئیں۔ ٹیم 19.1 اوورز میں 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

صاحبزادہ فرحان نے سب سے زیادہ 57 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جبکہ فخر زمان نے 46 رنز بنائے۔ باقی بلے باز بری طرح ناکام رہے اور تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔بھارت کے گیند بازوں میں کلدیپ یادیو سب سے نمایاں رہے جنہوں نے 4 شکار کیے، جبکہ جسپریت بمراہ، ورون چکراورتی اور اکشر پٹیل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔میدان میں جذبات بھی عروج پر نظر آئے۔ صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری مکمل کرنے پر پچھلے میچ کی طرح گن سیلیبریشن دہرانے کے بجائے بلا لہرا کر خوشی منائی، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے شبھمن گل کی وکٹ لینے پر جہاز کا اسٹائل بنا کر منفرد جشن منایا۔میچ کے دوران دبئی اسٹیڈیم میں لائٹس کا مسئلہ پیدا ہوا جس کی وجہ سے کھیل عارضی طور پر رک گیا

لیکن کچھ دیر بعد دوبارہ بحال کر دیا گیا۔ٹاس کے وقت بھی ماحول تنازعہ کا شکار رہا جب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے نہ صرف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا بلکہ پاکستانی کپتان سلمان آغا سے مصافحہ بھی نہیں کیا۔ اس سے قبل ٹرافی فوٹو شوٹ کے دوران بھی دونوں کپتان ایک ساتھ کھڑے ہونے سے گریزاں نظر آئے۔فائنل میچ میں ہاردک پانڈیا انجری کے باعث شامل نہیں ہوئے اور بھارتی ٹیم نے تین تبدیلیاں کیں، جبکہ پاکستان نے بغیر تبدیلی کے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ میچ کا پانسہ کسی بھی وقت پلٹ سکتا ہے، لیکن پاکستان کے گیند باز اپنی شاندار بولنگ سے فائنل کو مزید سنسنی خیز بنا رہے ہیں

مزید پڑھیں :بھارتی باؤلر جسپرت بمراہ کی حارث رئوف کی نقل ، اپنی ہی حکومت کا مذاق بنا ڈالا

متعلقہ خبریں