اسلام آباد ( اے بی این نیوز )ایشیا کپ فائنل کے بڑے دن پر دبئی میں جوش و خروش اپنے عروج پر ہے جہاں چیئرمین پی سی بی اور اے سی سی کے صدر محسن نقوی قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے دبئی پہنچ گئے ہیں۔ وہ نہ صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں بلکہ فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کی ذمہ داری بھی ان کے سپرد ہے۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کھلاڑی میدان میں دباؤ کی پرواہ کیے بغیر دل سے کھیلیں، باقی سب وہ سنبھال لیں گے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام کھلاڑی انتھک محنت کر رہے ہیں اور پاکستان کی فتح کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کھیل میں جیت اور ہار دونوں شامل ہیں، لیکن کھلاڑیوں کو ہمیشہ اسپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ کھیلنا چاہیے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم نہ صرف کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آواز ہر فورم پر بلند کر رہے ہیں بلکہ سندھ طاس معاہدے سمیت اہم معاملات پر بھی مؤثر بات کی ہے اور امریکی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ پاکستان آج کا فائنل جیتے گا۔ انہوں نے بھارتی ٹیم کے حالیہ رویے کو متکبرانہ قرار دیا اور کہا کہ غرور کا سر ہمیشہ نیچا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں اور پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے۔
اداکار اور کامیڈین افتخار ٹھاکر نے بھی پاک بھارت فائنل کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ دنیا بھر کی نظریں اس میچ پر جمی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی آج اپنی پوری جان لڑا دیں گے اور ان کی دعا ہے کہ اللہ پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔
مزید پڑھیں :اوٹنی کی ٹانگ کاٹنے کے بعد ایک اور زمیندار کا گدھے پر تیز دھار آلہ سے تشدد،شدید زخمی کر دیا